Home / ادب وثقافت / اسلامی یونیورسٹی: سرسید کے دو سو سالہ یوم پیدائش پر سیمینارکا انعقاد

اسلامی یونیورسٹی: سرسید کے دو سو سالہ یوم پیدائش پر سیمینارکا انعقاد

اسلام آباد / بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے زیر اہتمام سرسید احمد خان کے دو سو سالہ یوم پیدائش کے موقع پر دو روزہ سیمیناربدھ کے روز جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں شروع ہو گیا۔ اس سیمینار کا عنوان ’’مطالعہ سر سید : مابعد نو آبادیاتی جہات‘‘ جس میں ملک بھر سے دانشور محققین اور ماہرین شرکت کر رہے ہیں ۔
فیصل مسجد کے قائد اعظم آڈیٹوریم میں سیمینار کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی معروف ادیب افتخار عارف تھے جبکہ اس تقریب کے صدر محفل ڈاکٹر معصوم یٰسین تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی بیرسٹر ظفر اللہ ، شعبہ اردو (خواتین کیمپس ) کی سربراہ ڈاکٹر نجیبہ عارف ، شعبہ اردو میل کیمپس کے سربراہ ڈاکٹر عزیز ابن الحسن ،کلیہ زبان و ادب کے ڈین ڈاکٹر منور اقبال گوندل سمیت فیکلٹی ممبران اور ملک بھر سے آئے ہوئے مقالہ نگاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے افتخار عارف کا کہنا تھا کہ گزشتہ پچاس برسوں میں سرسید اس قدر موضوع بحث نہیں بن سکے جتنا ان کا حق تھالیکن اس میں دونوں طرح کے لوگ قصور وار ہیں۔ ایک وہ ریشنلسٹ جو ان کو کم ریشنل سمجھتے تھے اور دوسرے وہ جید علما جو ان کی دیگر جہات پر گفتگو کرتے ہوئے اہم جہات کو نظر انداز کر جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سرسید احمد خان کی مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لیے خدمات سے صرف نظر نہیں کیا جا سکتا۔
ڈاکٹر معصوم یٰسین نے اپنے خطاب میں سیمینار کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیوں کی عصر حاضر میں اشد ضرورت ہے تاکہ ہم موجودہ نسل کو سرسید نابغہ روزگار شخصیت کی کاوشوں اور ان کے پیغام سے آگاہ کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سر سید یہ چاہتے تھے کہ مسلمان جدیدیت کو اپنائیں اور اسی امر کے مثبت پہلوؤں سے ہم اپنی نوجوان نسل کو بخوبی متعارف کرا سکتے ہیں۔ سیمینار سے شعبہ اردو کے سربراہان ڈاکٹر نجیبہ عارف اور ڈاکٹر عزیز ابن الحسن سمیت اقبال بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ کے سربراہ ڈاکٹر حسن الامین ، ڈاکٹر منور اقبال گوندل ، ڈاکٹر نجیب جمال اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ یاد رہے کہ اس سیمینار کا انعقاد شعبہ اردو اور جامعہ کے اقبال بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیق و مکالمہ کے تعاون سے کیا جا رہا ہے جو کہ آج شام اختتام پزیر ہو گا۔

Check Also

ایپل کے نئے آئی فون 11 کی پاکستان میں قیمت کیا ہوگی؟تفصیل اس خبرمیں

میں ایپل کے نئے آئی فون 11 کی پاکستان میں قیمت کیا ہوگی؟تفصیل اس خبر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *